نئی دہلی،4فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ امن اور رواداری ہندوستان کی ثقافت اور تہذیب ہے اور کسی بھی حالت میں ملک کے اتحاد اور بھائی چارے کو کمزور نہیں ہونے دیناہے۔حالانکہ زمینی حقیقت یہی ہے کہ ان کی پارٹی کی حکومت آنے کے بعدملک میں فرقہ وارانہ ماحول متاثرہواہے ۔دہلی بی جے پی اقلیتی مورچہ کے ایک روزہ تربیتی کیمپ کے افتتاح کے دوران نقوی نے کہاہے کہ ہمیں کسی بھی صورت میں اتحاد اور بھائی چارے کی ہندوستانی ثقافت کو کمزور نہیں ہونے دینا ہے،کچھ طاقتیں ملک کے امن اورترقی کی فضا کو آلودہ کرنے کی کوشش کرنا چاہتی ہیں، ہم سب کو اس طرح کی سازشوں کو شکست دینا ہے۔نقوی نے کہاہے کہ بی جے پی اور مودی حکومت کے لئے ترقی کا مسودہ ووٹ کا سودانہیں ہے، اسی لیے بلا تفریق ہمہ جہتی ترقی اور با اختیار بنانے کی سمت میں مسلسل کام ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جامع ترقی وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کی ترجیح ہے، 2018۔19 کے عام بجٹ میں اقلیتی وزارت کے بجٹ میں ریکارڈ 505 کروڑ روپے کا اضافہ اس کا ثبوت ہے۔ گزشتہ سال وزارت کا بجٹ 4195 کروڑ روپے تھا جو اب 4700 کروڑ روپے ہوگیاہے۔وزیر نے کہا کہ یہ اضافہ، اقلیتی طبقوں کی سماجی و اقتصادی۔تعلیمی امپاورمنٹ، بالخصوص لڑکیوں کے تعلیم کے پروگراموں کو آگے بڑھانے اور ان کے مؤثر نفاذ میں مددگار ہو گی۔نقوی نے کہا کہ گزشتہ بجٹ کا تقریباََ65 فیصد سے زیادہ حصہ اقلیتوں کے تعلیمی امپاورمنٹ ،روزگاراور مہارت کی ترقی پر خرچ کیاگیاتھاجس سے45 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ ہواہے۔ 2018۔19 کے بجٹ میں ان فلاحی منصوبوں پر مزید اخراجات کیے جائیں گے۔